بہاریہ مکئی کی فصل کو نقصان دہ کیڑوں سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت
محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ بہاریہ مکئی کی فصل کو نقصان دہ کیڑوں سے بچانے کے لیے بروقت اور مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔ ماہرین کے مطابق دیمک، کونپل کی مکھی، تنے کی سنڈی، امریکن سنڈی، لشکری سنڈی، سست تیلہ اور چست تیلہ فصل کو شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں، اس لیے ان کا بروقت تدارک نہایت ضروری ہے۔
کاشتکاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ دیمک سے بچاؤ کے لیے کچی گوبر کی کھاد کے استعمال سے گریز کریں، جبکہ حملہ ظاہر ہونے کی صورت میں مناسب زرعی ادویات آبپاشی کے ساتھ استعمال کریں۔ کونپل کی مکھی کے خاتمے کے لیے اگتی ہوئی فصل پر سپرے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اسی طرح تنے کی سنڈی کے کنٹرول کے لیے ٹرائیکو گراما کارڈز کا باقاعدہ استعمال اور مقررہ وقفوں سے تبدیلی ضروری قرار دی گئی ہے۔ سست تیلہ کے خلاف روشنی کے پھندوں کے استعمال کی بھی تاکید کی گئی ہے، جبکہ شدید حملے کی صورت میں مناسب کیمیائی تدارک اختیار کرنے کا کہا گیا ہے۔
ماہرین نے مزید بتایا کہ مکئی پاکستان کی اہم فصلوں میں شامل ہے اور جدید زرعی طریقوں پر عمل کر کے فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے، جس سے کاشتکاروں کی آمدن میں بہتری اور زرعی معیشت کو استحکام مل سکتا ہے۔
_2026_03_31_15_36_35_77761631.jpg)


Leave A Comment