خیبر پختونخوا میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں: فیلڈ مارشل
میران شاہ: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا میں بڑی جدوجہد اور قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں، دہشت گردی کا فیصلہ کن خاتمہ کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے میران شاہ، شمالی وزیرستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل کو علاقے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور ملکی دفاع و سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خیبر پختونخوا پولیس کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور اسے ایک بہادر صفِ اول کا دستہ قرار دیتے ہوئے دہشت گردی اور فتنۃ الخوارج کے خلاف اس کی ثابت قدمی اور قربانیوں کو سراہا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے اور ہم آہنگی کے ذریعے دہشت گردی کے ناسور کا فیصلہ کن خاتمہ کرنے اور خیبر پختونخوا میں حاصل ہونے والے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ میران شاہ آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔


_2026_11_22_10_27_45_25976400.jpg)
Leave A Comment