زرعی خبریں گھر کے باغیچہ میں کاشت کی گئی سبزیاں سپرے سے پاک ہوتی ہیں، شہری کچن گارڈننگ کو فروغ دیں،عدیل احمد
گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت نہ صرف انسانی صحت کے لیے مفید ہے بلکہ یہ جسم اور دماغ کو بھی توانا رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع عدیل احمد نے اے پی پی کو بتایا کہ گھر کے باغیچے میں اگائی گئی سبزیاں سپرے اور دیگر آلودگیوں سے پاک ہوتی ہیں، اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ بازاری سبزیوں کی خریداری سے گریز کریں اور اپنی صحت بہتر رکھنے کے لیے کچن گارڈننگ کو فروغ دیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر شہریوں کے پاس گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کے لیے زمین دستیاب نہ ہو تو وہ گملوں، کھلے ڈبوں، پلاسٹک یا لکڑی کی ٹرے میں بھی سبزیاں اگا سکتے ہیں۔
عدیل احمد نے مزید بتایا کہ چھوٹے پلاٹوں میں ایسی سبزیاں کاشت کی جائیں جو کافی عرصے تک پیداوار دیں۔ ان میں پالک، دھنیا، میتھی، گوبھی، ٹماٹر، شلجم، گاجر اور مولی شامل ہیں، جو تین سے پانچ مرلہ کے پلاٹ میں بآسانی اگائی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر نہری پانی دستیاب نہ ہو تو سبزیوں کے لیے گھریلو پینے کے پانی کا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سبزیاں اگانے کے بعد پانی دینے میں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ پانی کھیلیوں سے اوپر نہ جائے، کیونکہ اس سے زمین سخت ہو جاتی ہے اور اگاؤ متاثر ہوتا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ چھوٹے گھریلو باغیچوں کے ذریعے اپنی روزانہ کی غذائی ضروریات کے لیے تازہ، محفوظ اور کیمیائی مادوں سے پاک سبزیوں کا استعمال یقینی بنائیں۔
_2026_01_22_18_16_30_28674849.jpg)


Leave A Comment