ایرانی صدر: امریکا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل کرے تو ایران بھی تیار ہے
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اگر امریکا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کرتے ہوئے اپنے وعدے پورے کرتا ہے تو ایران بھی مثبت جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر امریکی صدر کے دستخط موجود تھے، تاہم امریکا کی اس دستاویز سے وابستگی دو ہفتوں سے بھی کم عرصے تک برقرار رہی۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ اگر امریکا جون میں طے پانے والے عبوری معاہدے کے تحت اپنے وعدوں کی پاسداری کرتا ہے تو ایران فوری طور پر اس کا مثبت جواب دے گا۔
ایرانی صدر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بشکیک میں ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے انہیں یقین دلایا کہ مکہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی ملک کے خلاف نہیں، بلکہ اس کا مقصد امن اور سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے ثالثی کے عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک متحد ہوں تو اسرائیل کے لیے آسانی سے حملہ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ مسلم ممالک باہمی مذاکرات اور تعاون کے ذریعے اپنے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان معاہدہ مسلم دنیا میں اتحاد مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جبکہ دیگر علاقائی اور مسلم ممالک بھی اس عمل میں شامل ہو کر مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے۔
_2026_09_01_11_51_05_11485208.jpg)
_2026_09_10_11_14_39_42066966.jpg)

Leave A Comment