کبیروالا :خسرہ کی مبینہ وبا: ایک ہفتے میں 7 بچے جاں بحق،
کبیروالا: تحصیل کبیروالا کے علاقے کوٹ اسلام، چک نمبر 2 کے ایم میں مبینہ طور پر خسرہ کی وبا پھیلنے سے 7 بچے انتقال کر گئے ہیں۔ متوفی بچوں کے سوگوار اہلِ خانہ کے مطابق، یہ تمام اموات گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پیش آئی ہیں، جس کے باعث پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
اہلِ علاقہ نے حکومت اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ علاقے میں خسرہ کی روک تھام کے لیے فوری اور ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور متاثرہ چک میں فی الفور میڈیکل ٹیمیں روانہ کی جائیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب، واقعے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ صحت متحرک ہو گیا ہے۔ ڈپٹی ڈی ایچ او (DHO) کا کہنا ہے کہ بچوں کی اموات کی اصل وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور یہ تعین کیا جا رہا ہے کہ آیا یہ اموات خسرہ ہی کی وجہ سے ہوئی ہیں یا کوئی اور طبی وجہ کارفرما ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ علاقے میں حفاظتی ٹیکہ جات اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



Leave A Comment