خواجہ محمد آصف: سیالکوٹ میں ترقیاتی منصوبوں اور برآمدکنندگان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت برآمدکنندگان کے حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ برآمدکنندگان کا اپنا پیسہ ہے اور حکومت کا اس پر کوئی حق نہیں۔
خواجہ محمد آصف نے مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں کی کامیاب پالیسیاں بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہر دور میں ملکی ترقی کے منصوبے شروع کیے گئے اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں۔
سیالکوٹ میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ لاری اڈہ شہر سے باہر منتقل کرنے کے لیے فنڈز موصول ہو چکے ہیں، علامہ اقبال لائبریری کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے، شہر کے وسط میں موجود سڑکیں تعمیر ہوں گی، بجلی کی تاریں زیرِ زمین منتقل کی جائیں گی اور غیر ضروری پارکنگ ختم کی جائے گی۔
وفاقی وزیر دفاع نے بتایا کہ ریلوے روڈ پر چار کنال رقبے پر پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے گا، گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کے لیے اراضی مختص کی گئی ہے، اور شہر کے اندر دفاتر اور پولیس لائنز منتقل کرنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے واسا کے منصوبوں کے لیے 16 ارب روپے کی منظوری دی ہے اور 16.49 کلومیٹر رنگ روڈ تعمیر کیا جائے گا، جس کے پہلے مرحلے میں سمبڑیال، ڈسکہ اور ایمن آباد روڈ شامل ہوں گے۔ اسی طرح سیالکوٹ۔کھاریاں موٹر وے بھی 2029 تک مکمل کی جائے گی۔ انہوں نے 700 بستروں کے علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کی منظوری کا بھی اعلان کیا اور شہر سے تجاوزات کے خاتمے کا عزم ظاہر کیا۔
_2026_01_24_18_57_29_66654312.jpg)


Leave A Comment