خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے پاکستان کی معیشت پر عالمی شراکت داروں کا اعتماد مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ اس ضمن میں ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس میں کویت کے تعاون سے رقمی اسلامک ڈیجیٹل بینک کا آغاز ہوگیا۔ یہ بینک اگلے ماہ پاکستان میں اپنے آپریشنز کا آغاز کرے گا، جس میں ابتدائی طور پر 10 کروڑ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

رقمی اسلامک ڈیجیٹل بینک کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی (KIA) کی معاونت سے قائم کیا گیا ہے اور اس کا آغاز پاکستان کے مالیاتی شعبے میں ایک بڑی پیشرفت سمجھی جا رہی ہے۔

مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے اس سرمایہ کاری کو پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معیشت اور جاری اصلاحات پر عالمی اعتماد کا واضح ثبوت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سرمایہ کاری پاکستان کی معاشی سمت اور اصلاحاتی پالیسیوں پر بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتماد کی عکاس ہے۔

خرم شہزاد نے مزید کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان مالیاتی اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا تعاون مضبوط ہو رہا ہے، اور یہ سرمایہ کاری پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی اور مالیاتی نظام کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گی۔

رقمی بینک مکمل طور پر ڈیجیٹل اسلامی بینک کے طور پر کام کرے گا، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بینکاری نظام کو مزید مؤثر بنانا اور زیادہ سے زیادہ افراد کو مالی نظام سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری سے جدید اور پائیدار مالیاتی نظام کی راہیں ہموار ہو رہی ہیں

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار