لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کراچی کے مصروف تجارتی مرکز گل پلازہ میں پیش آنے والے ہولناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے ایک بڑا انسانی اور معاشی سانحہ قرار دیا ہے۔

لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع، درجنوں افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات اور سینکڑوں کاروباروں کا مکمل طور پر تباہ ہو جانا ایک انتہائی دلخراش واقعہ ہے، جس نے پوری ملکی بزنس کمیونٹی کو سوگوار کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق درجنوں دکانیں مکمل طور پر جل چکی ہیں جبکہ سینکڑوں خاندانوں کا روزگار متاثر ہوا ہے، جو پہلے ہی مہنگائی اور شدید معاشی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی اور صنعتی مرکز ہے اور اس نوعیت کے واقعات نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ کاروباری اعتماد، سرمایہ کاری کے ماحول اور مارکیٹ کے تسلسل کو بھی شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔

فہیم الرحمن سہگل نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ تاجروں، دکانداروں اور کاروباری افراد کو فوری، شفاف اور مکمل مالی معاوضہ فراہم کیا جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنے کاروبار کھڑے کر سکیں۔

لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ نے کہا کہ گل پلازہ جیسے بڑے تجارتی مراکز میں مؤثر فائر سیفٹی انتظامات کا فقدان ایک سنجیدہ سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سانحے کی غیر جانبدار فرانزک تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے اور آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے تمام کمرشل عمارتوں میں فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار