شدید مون سون بارشوں اور سیلابی ریلے کے باعث قلعہ ستار شاہ کے قریب ریلوے پل کو نقصان پہنچنے سے لاہور اور فیصل آباد کے درمیان ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، جبکہ پاکستان ریلوے نے متعدد ٹرینوں کے روٹس تبدیل اور بعض ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق قلعہ شیخوپورہ اور مسن کے درمیان شدید بارشوں کے باعث ریلوے انفرااسٹرکچر متاثر ہوا، جس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے طور پر لاہور۔فیصل آباد سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔

ریلوے لاہور ڈویژن کے ڈویژنل ٹرانسپورٹ آفیسر کے مطابق 41 اپ/42 ڈاؤن قراقرم ایکسپریس اور 27 اپ/28 ڈاؤن شالیمار ایکسپریس کو فیصل آباد کے بجائے لاہور سے رائیونڈ، ساہیوال اور خانیوال کے راستے اپنی منزل کی جانب روانہ کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ قراقرم ایکسپریس 42 ڈاؤن کے فیصل آباد سے سفر کرنے والے مسافروں کو آج ملت ایکسپریس 18 ڈاؤن میں ایڈجسٹ کیا جائے گا، جبکہ لاہور اور سرگودھا کے درمیان چلنے والی میانوالی ایکسپریس کو بھی عارضی طور پر وزیرآباد اور لالہ موسیٰ کے راستے چلایا جائے گا۔

پاکستان ریلوے نے 111 اپ/112 ڈاؤن بدر ایکسپریس اور 113 اپ/114 ڈاؤن غوری ایکسپریس کو عارضی طور پر منسوخ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ پل اور ٹریک کی بحالی کے لیے مرمتی کام تیزی سے جاری ہے اور انفرااسٹرکچر کی مکمل بحالی کے بعد ٹرین آپریشن معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل اپنی ٹرین کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کر لیں۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار