لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ خواتین ان کی ریڈ لائن ہیں، ان کے خلاف تشدد، ظلم اور ناانصافی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، خواتین کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت معاشرتی روایات اور مذہبی اقدار کا بنیادی حصہ ہے۔ دین اسلام نے عورت کو مکمل عزت، احترام اور حقوق دینے کی تعلیم دی ہے، جبکہ خواتین کی عزت و تکریم نبی کریم ﷺ کی سنت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت میں عورت پر ہاتھ اٹھانے سے منع کیا گیا ہے اور خواتین کے ساتھ نرمی اور حسن سلوک اختیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ خواتین پر تشدد کرنے والے بزدل اور مجرم ہیں، ایسے عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کو پہلی بار ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہے، جہاں مشکلات کا شکار خواتین اپنی شکایات درج کرا سکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ خواتین کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پینک بٹن کے ذریعے فوری پولیس مدد حاصل کر سکتی ہیں، جبکہ خواتین کے لیے پولیس ویمن ہیلپ لائن بھی مکمل طور پر فعال ہے۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ خواتین سے متعلق مقدمات کے جلد فیصلوں کو یقینی بنانے کے لیے سپیڈی کورٹس کے قیام کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب خواتین کے تحفظ اور ان کے حقوق کی پاسداری کے لیے پرعزم ہے۔ خواتین کے لیے تشدد سے پاک، محفوظ اور مساوی معاشرے کا قیام ہی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار