پاکستان اور مالدیپ کا تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور سیاحت، کھیل، صحت، تجارت اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین نے اعلان کیا کہ مالدیپ کی قومی ایئرلائن جلد پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز کرے گی۔ پہلی براہِ راست پرواز کے ذریعے معروف پاکستانی کرکٹرز، فنکاروں اور دیگر نامور شخصیات کو مالدیپ لے جایا جائے گا۔
محمد امین کا کہنا تھا کہ پاکستانی سلیبریٹیز مالدیپ میں بے حد مقبول ہیں اور ان کی آمد سے سیاحت کے شعبے کو مزید فروغ ملے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ براہِ راست پروازوں کے آغاز سے پاکستانی شہریوں کے لیے مالدیپ کا سفر مزید آسان ہو جائے گا۔ پاکستانی عوام سیاحت میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور براہِ راست فضائی رابطے سے مالدیپ آنے والے پاکستانی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
کھیلوں کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مالدیپ میں کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام کے مجوزہ منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ اسٹیڈیم کے ساتھ کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی تاکہ مالدیپ کے مقامی نوجوانوں کو کرکٹ کی تربیت کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مالدیپ کے وزیر داخلہ کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا اور ان کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین نے اسلام آباد کے جدید انفراسٹرکچر، تیز رفتار ترقی، خوبصورتی اور صفائی کے نظام کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے قدرتی مناظر دیکھ کر انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے۔ اسلام آباد حقیقی معنوں میں ٹورازم کیپٹل سٹی بننے کے بھرپور مواقع رکھتا ہے۔
تجارتی اور معاشی روابط کے حوالے سے محمد امین نے کہا کہ مالدیپ کو افرادی قوت کی ضرورت ہے اور وہ پاکستان سے افرادی قوت کا خیرمقدم کرے گا۔ پاکستان سے تعمیراتی سامان، ادویات اور دیگر اشیاء کی درآمد کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں۔
ملاقات میں مالدیپ کے ہائی کمشنر اور چیف کمشنر اسلام آباد بھی موجود تھے۔



Leave A Comment