لاہور میں ن لیگی رکن پنجاب اسمبلی کے گھر فائرنگ، اہلیہ اور بچے محفوظ
لاہور: مظفرگڑھ سے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی سردار عون حمید ڈوگر کی لاہور میں واقع رہائش گاہ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔ واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ 8 اکتوبر کی رات تقریباً 11 بجے لاہور کے علاقے طارق گارڈن میں پیش آیا، جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے گھر کے باہر سے خودکار اسلحے کے ذریعے فائرنگ کی، جس سے رہائش گاہ کے شیشوں، دیواروں اور دیگر اشیا کو نقصان پہنچا۔ گھر کے اندر کھڑی دو گاڑیوں کو بھی گولیاں لگیں۔
ایف آئی آر کے مطابق فائرنگ کے وقت سردار عون حمید ڈوگر کی اہلیہ اور بچے گھر میں موجود تھے۔ اہل خانہ نے فائرنگ کے دوران اپنی جانیں بچائیں، جبکہ ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔
لاہور پولیس کے مطابق مقدمہ 9 اکتوبر کو تھانہ کاہنہ میں ایم پی اے کے سالے محمد جنید شعیب ڈوگر کی درخواست پر درج کیا گیا۔ مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 324 اور 440 شامل کی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب سردار عون حمید ڈوگر نے بتایا کہ فائرنگ کے وقت وہ لاہور میں موجود نہیں تھے بلکہ اپنے حلقے میں تھے، تاہم ان کی فیملی گھر پر موجود تھی۔ ان کے مطابق جس کمرے میں ان کے بچے اور اہلیہ موجود تھے، اسی کمرے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ایم پی اے کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے اہل خانہ کو محفوظ رکھا اور وہ 2016 سے اس گھر میں رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے تصدیق کی کہ واقعے کا مقدمہ درج ہوچکا ہے اور پولیس تحقیقات کررہی ہے۔



Leave A Comment