ملک بھر میں مون سون کی بارشیں، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، نشیبی علاقے زیرِ آب
ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث مختلف شہروں میں موسم خوشگوار ہو گیا اور شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ پنجاب کے متعدد علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے حبس کم کر دیا ہے۔
لاہور میں بادلوں کا راج برقرار ہے اور بعض علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم مزید بہتر ہو گیا۔ شیخوپورہ، مریدکے اور کاہنہ سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ گجرات میں مون سون کی پہلی بارش کے بعد سڑکیں اور گلیاں پانی سے بھر گئیں جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش جاری رہی جس کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔ اسی طرح ڈیرہ غازی خان میں موسلا دھار بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہو گیا اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
خیبرپختونخوا کے شہر پشاور میں بارش کے بعد کئی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ یونیورسٹی روڈ انڈر پاس میں پانی جمع ہونے سے بس سروس معطل رہی جس سے شہریوں کو دشواری پیش آئی۔ صوابی میں بھی وقفے وقفے سے بارش کے باعث گرمی کی شدت میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔
_2026_07_21_10_00_51_95228859.jpg)


Leave A Comment