این اے 168 بہاولپور ضمنی انتخاب، پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی درخواست
بہاولپور: این اے 168 بہاولپور میں 27 ستمبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے پاک فوج اور پاکستان رینجرز کی تعیناتی کے لیے وفاقی حکومت کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ حلقے میں ضمنی انتخاب کے لیے 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جا رہے ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے ضمنی انتخاب کے دوران پاک فوج کی 10 کوئیک رسپانس فورس ٹیمیں تعینات کرنے کی درخواست کی ہے۔ ہر ٹیم 10 اہلکاروں پر مشتمل ہوگی، اس طرح مجموعی طور پر 100 فوجی اہلکار طلب کیے گئے ہیں۔
مراسلے میں بہاولپور میں پاکستان رینجرز پنجاب کی 2 کمپنیاں تعینات کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ درخواست کے مطابق پاک فوج کی ٹیمیں فوری ردعمل کے لیے جبکہ رینجرز کی کمپنیاں سکیورٹی کے لیے تعینات کی جائیں گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی 26 سے 27 ستمبر تک کرنے کی درخواست کی ہے۔ این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخاب 27 ستمبر کو ہوگا۔
مراسلے کے مطابق فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا مقصد ضمنی انتخاب کا پُرامن، شفاف اور محفوظ انعقاد یقینی بنانا ہے۔ پاک فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 جبکہ رینجرز کی تعیناتی پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر بہاولپور نے 17 ستمبر کو فوج اور رینجرز کی تعیناتی کے لیے خط لکھا تھا، جس کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب نے 18 ستمبر کو وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ ارسال کیا۔
دریں اثنا این اے 168 میں انتخابی سکیورٹی کے حوالے سے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ ضلعی پولیس نے پولنگ اسٹیشنز، انتخابی عملے، انتخابی سامان اور ووٹرز کے تحفظ کے لیے سکیورٹی پلان بھی جاری کر دیا ہے



Leave A Comment