دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے جاری رپورٹ میں موجودہ صورتحال اور آئندہ دنوں کی پیش گوئی پیش کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے، جبکہ دیگر بڑے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے۔ تاہم 8 اور 9 اگست کے دوران دریائے سندھ کے مختلف مقامات سمیت دریائے چناب، راوی اور جہلم میں بھی پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، آزاد کشمیر کے بعض علاقوں، بلوچستان کے شمالی اضلاع اور پنجاب کے کئی شہروں میں کم سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔ بالخصوص پہاڑی اور برساتی ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ تقریباً 98 فیصد جبکہ منگلا ڈیم میں 63 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں قدرے زیادہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حساس علاقوں میں پیشگی اقدامات کریں اور ممکنہ انخلا کے لیے انتظامات مکمل رکھیں۔ عوام کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ سیلابی پانی، ندی نالوں اور زیر آب سڑکوں کو عبور کرنے سے گریز کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
مزید برآں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے این ڈی ایم اے کی آفیشل موبائل ایپ “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” استعمال کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
_2026_08_09_08_35_41_83872174.jpg)


Leave A Comment