مردان میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹس شہید
مردان (نامہ نگار): کاٹلنگ کے علاقے میں مردان روڈ پر جبر نہر کے قریب پاک فضائیہ (PAF) کا ایک تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹس جامِ شہادت نوش کر گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں، ایمبولینسز اور فائر ٹینڈرز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔
ریسکیو حکام نے تصدیق کی ہے کہ طیارہ حادثے کے نتیجے میں دونوں پائلٹس، کیپٹن قاسم اور کیپٹن طلحہ، موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ اس افسوسناک واقعے کی زد میں آ کر زمین پر موجود راہگیر بھی شدید زخمی ہوئے، جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے مادرِ وطن پر جان نثار کرنے والے عظیم پائلٹس کیپٹن قاسم اور کیپٹن طلحہ کی قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ پوری قوم شہید پائلٹس کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، جبکہ انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے بھی خصوصی دعا کی۔



Leave A Comment