صدر اور وزیراعظم کا خواتین کے حقوق، تحفظ اور مساوات کے عزم کا اعادہ
سلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کے حقوق، تحفظ، عزت و وقار اور مساوات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد کی روک تھام پوری قوم اور ریاست کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ تشدد کی روک تھام کے لیے عوامی آگاہی، تعلیم اور مردوں کی فعال شرکت ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 14، 25 اور 34 ہر فرد کی عزت، مساوات اور قومی زندگی میں خواتین کی شمولیت کے ضامن ہیں۔ 1973ء کے آئین نے خواتین کو مساوی حقوق فراہم کیے، جبکہ بینظیر بھٹو شہید نے ویمن بینک اور ویمن پولیس اسٹیشنز کے قیام کے ذریعے اس تصور کو عملی شکل دی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہراسانی، تیزاب گردی اور غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور متاثرہ خواتین کو بروقت انصاف کی فراہمی ضروری ہے۔ ٹیکنالوجی کے ذریعے تشدد اور بدسلوکی کی نئی شکلوں سے نمٹنے کے لیے بھی مضبوط ادارہ جاتی ردعمل ناگزیر ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان 2026 میں خواتین کا تحفظ شامل ہے، جبکہ متاثرہ خواتین قانونی معاونت کے لیے ہیلپ لائن 1099 پر رابطہ کر سکتی ہیں۔ ہر عورت کو خوف کے بغیر تعلیم حاصل کرنے، روزگار کمانے اور عوامی زندگی میں حصہ لینے کا مکمل حق حاصل ہونا چاہیے۔
انہوں نے تشدد سے متاثرہ خواتین کے حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوانین پر عملدرآمد ریاست کی ذمہ داری ہے، تاہم خاندان، تعلیمی اداروں، میڈیا اور مردوں کو بھی منفی معاشرتی رویوں کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت پاکستان قوم کی ہر بیٹی کی عزت، وقار اور مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے 16 روزہ آگاہی مہم کا آغاز بھی ہو رہا ہے، جو 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن تک جاری رہے گی۔ یہ مہم خواتین کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان ریاست کو پابند کرتا ہے کہ خواتین کی قومی زندگی کے تمام شعبوں میں بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے۔ پاکستان 1996ء سے خواتین کے خلاف ہر قسم کے امتیازی سلوک کے خاتمے کے عالمی کنونشن (CEDAW) کا فریق ہے اور تشدد کی روک تھام، متاثرہ خواتین کے تحفظ اور قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائی کا پابند ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد گھروں، کام کی جگہوں، عوامی مقامات اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی ہوتا ہے۔ ایسے واقعات کا رپورٹ نہ ہونا، سماجی تنقید کا خوف اور سہولیات تک محدود رسائی سنگین چیلنجز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت متعلقہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور متاثرہ خواتین کی معاونت کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ اس مقصد کے لیے صوبوں، پارلیمان، عدلیہ، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کا خاتمہ پورے معاشرے کے اجتماعی عزم اور مشترکہ کوششوں کا تقاضا کرتا ہے۔ مذہبی علما، اساتذہ، میڈیا اور معاشرتی رہنماؤں کو نقصان دہ رویوں اور سوچ کی تبدیلی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام خواتین کو باوقار مقام، مساوی مواقع اور بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ خصوصی دن پر تشدد سے متاثرہ خواتین کے عزم و حوصلے اور ان کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے افراد و اداروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔



Leave A Comment