اسلام آباد میں پاکستان اور بیلاروس کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے نویں اجلاس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ مفادات پر قائم ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور بیلاروس نے زراعت، صنعت، توانائی، ٹیکنالوجی، دفاع، صحت اور فارماسیوٹیکل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام اور ترجیحی تجارتی نظام سے متعلق فزیبلٹی اسٹڈی سے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے راستے کھلنے کی توقع ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ دونوں ممالک کی جانب سے دستخط کیا گیا پروٹوکول مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے جامع روڈ میپ فراہم کرتا ہے۔ ہنرمند افرادی قوت، اسکلز ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل معیشت اور چھوٹے و درمیانے کاروبار کے فروغ کیلئے بھی باہمی تعاون بڑھایا جائے گا۔

وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے دوستانہ تعلقات باہمی احترام، مشترکہ خوشحالی اور تعاون کے عزم کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشترکہ وزارتی کمیشن کے دسویں اجلاس کا منتظر ہے۔

 

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار