وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کا اگلا بڑا ہدف ’معرکۂ معیشت‘ ہے، جس کے لیے برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافہ انتہائی ضروری ہے۔

امریکہ کے شہر اورلینڈو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی پائیدار ترقی اور معاشی استحکام میں اپنا کردار ادا کریں۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت ’اڑان پاکستان‘ وژن کے تحت تعلیم، صحت، جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کو فروغ دے رہی ہے تاکہ معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔

انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کو صحت کے شعبے میں خدمات دینے کی دعوت دیتے ہوئے ٹیلی میڈیسن ماڈل تجویز کیا، جس کے تحت مختلف اضلاع کے لیے ماہرین کے پینلز تشکیل دیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ہیپاٹائٹس سی، ذیابیطس، تپ دق، پولیو، آبادی میں اضافہ اور غذائی قلت جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، جن کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول، پالیسیوں کے تسلسل اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ برآمدات پر مبنی معیشت کے قیام پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

احسن اقبال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان جدید ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی اور عالمی شراکت داری کے ذریعے معاشی قوت حاصل کرے گا۔

 

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار