پاکستان اور گوگل کے درمیان قومی ڈیجیٹل تبدیلی اور جدت کے فروغ کا معاہدہ
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گوگل ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا، جس میں پاکستان اور گوگل کے درمیان قومی ڈیجیٹل تبدیلی اور جدت کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
پاکستان کی جانب سے سیکرٹری زراعت ہاشم خان جبکہ گوگل کے جنوب مشرقی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے پبلک پالیسی سربراہ ڈیوڈ ویلر نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
مفاہمتی یادداشت کا مقصد پاکستان میں ڈیجیٹل مہارتوں، آئی ٹی برآمدات اور جدت کے فروغ کے لیے تعاون کو وسعت دینا ہے۔ اس سلسلے میں گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس پروگرام کو مزید وسعت دینے پر بھی تعاون کیا جائے گا، جبکہ گوگل نے پاکستان میں 2026 کے لیے گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس کے 150,000 سرٹیفکیٹس کا ہدف مقرر کیا ہے۔
معاہدے کے تحت پاکستانی طلبہ کے لیے گوگل کے جدید مصنوعی ذہانت کے ٹولز تک رسائی بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ پاکستانی طلبہ کو ایک سال تک گوگل اے آئی پلس، جیمنی اور دیگر جدید مصنوعی ذہانت کے ٹولز تک مفت رسائی فراہم کی جائے گی۔
پاکستان اور گوگل کے درمیان اسلام آباد میں مصنوعی ذہانت کے مرکزِ امتیاز کے قیام کے لیے تعاون پر بھی اتفاق ہوا، جس کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں اور انسانی وسائل کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت دی جائے گی۔
موبائل ایپلی کیشنز اور گیمنگ انڈسٹری کی عالمی مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے، ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل تجارت کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے بھی تعاون کیا جائے گا۔
حکومتی امور اور سرکاری خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال پر تعاون ہوگا، جبکہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے منصوبے میں ڈیٹا اینالیٹکس کے لیے مصنوعی ذہانت سے استفادہ کیا جائے گا۔
زراعت کے شعبے میں فصلوں کی نگرانی، پیداوار کی پیش گوئی اور پائیدار زرعی طریقوں کے فروغ کے لیے بھی مصنوعی ذہانت کے استعمال پر تعاون کیا جائے گا۔
معاہدے کے تحت پاکستانی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے استفادہ کرنے پر بھی تعاون کیا جائے گا۔
پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اور مسابقتی صلاحیت کے روڈ میپ کی تیاری کے لیے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں حکومت، گوگل اور دیگر متعلقہ فریق شامل ہوں گے۔ ٹاسک فورس آئی ٹی برآمدات میں حائل رکاوٹوں اور ترقی کے امکانات کی نشاندہی کرے گی۔
حکومت پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون کے نتیجے میں نوجوانوں کی ڈیجیٹل مہارتوں، اسٹارٹ اپس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں مواقع بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
یہ پیش رفت پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اور ڈیجیٹل معیشت کو 2030 تک 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کے وزیراعظم کے وژن کی جانب اہم قدم قرار دی جارہی ہے۔



Leave A Comment