واٹس ایپ کا نیا فیچر، اکاؤنٹ کے بغیر بھی کال میں شرکت ممکن
واٹس ایپ نے کالنگ کے عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت صارفین کال لنک شیئر کرکے ایسے افراد کو بھی گفتگو میں شامل کرسکیں گے جو واٹس ایپ استعمال نہیں کرتے یا جن کا اس پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ موجود نہیں۔
واٹس ایپ کی بلاگ پوسٹ کے مطابق کال لنک موصول کرنے والے افراد اپنے کمپیوٹر کے ویب براؤزر کے ذریعے کال میں شامل ہوسکیں گے۔ یہ سہولت انفرادی اور گروپ کالز دونوں کے لیے دستیاب ہوگی، جبکہ ایک کال میں بیک وقت 32 افراد شرکت کرسکیں گے۔
کمپنی کے مطابق لنک کے ذریعے کال میں شامل ہونے والے افراد کی گفتگو کو بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا۔ اس فیچر میں ہاتھ اٹھانے اور اسکرین شیئرنگ سمیت دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ کالز مفت ہوں گی اور ان کے دورانیے کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔
واٹس ایپ کال لنک کیسے بنایا جائے؟
کال لنک بنانے کے لیے صارفین کو واٹس ایپ ایپلی کیشن میں موجود ’کالز‘ کے ٹیب پر جانا ہوگا۔ وہاں پلس (+) کے آئیکون پر کلک کرکے کال لنک تیار کیا جاسکے گا۔
لنک بنانے کے بعد اسے ان افراد کے ساتھ شیئر کیا جاسکتا ہے جنہیں کال میں شامل کرنا مقصود ہو۔ لنک موصول کرنے والے افراد اسے ویب براؤزر میں کھول کر اپنا نام درج کرسکیں گے اور میزبان کی اجازت ملنے کے بعد کال میں شریک ہوسکیں گے۔
واضح رہے کہ کال لنک بنانے کے لیے واٹس ایپ اکاؤنٹ ہونا ضروری ہے، تاہم لنک کے ذریعے کال میں شامل ہونے والے افراد کے لیے اکاؤنٹ لازمی نہیں ہوگا۔
واٹس ایپ نے مزید بتایا ہے کہ مستقبل میں کال لنکس کو گوگل کیلنڈر اور مائیکروسافٹ آؤٹ لک کے ساتھ مربوط کرنے کے لیے پلگ اِن کی سہولت متعارف کرانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ اس سے صارفین کے لیے آن لائن میٹنگز اور گفتگو کا شیڈول بنانا مزید آسان ہوسکے گا۔



Leave A Comment