بڑھتی آبادی ملک کو درپیش بڑا چیلنج، بروقت اقدامات ناگزیر ہیں: وزیر خزانہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش سب سے بڑے قومی چیلنجز میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی سرِفہرست ہے، جس سے نمٹنے کے لیے بروقت، مؤثر اور مربوط اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔
اورنگزیب کا تقریب سے خطاب وڈیو
ورلڈ پاپولیشن ڈے کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل کا قیام حکومت کی جانب سے ایک اہم پیش رفت ہے، جو آبادی سے متعلق پالیسی سازی، منصوبہ بندی اور مؤثر عملدرآمد میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبادی میں اضافے پر قابو پانے اور خاندانی منصوبہ بندی سمیت مختلف اقدامات کے لیے حکومت نے ضروری فنڈز بھی مختص کیے ہیں۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ آبادی میں مسلسل اضافے کے باعث ملک کے قدرتی وسائل، بنیادی سہولیات، تعلیم، صحت، روزگار اور معاشی ڈھانچے پر دباؤ بڑھ رہا ہے، جس کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی تاکہ ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔



Leave A Comment