پاکستان میں 60 دن میں ادویات پر بارکوڈ سسٹم متعارف کرایا جائے گا: مصطفیٰ کمال
وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں آئندہ 60 دن کے اندر ادویات پر بارکوڈ سسٹم متعارف کرایا جائے گا، جس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 17 اور 18 جولائی کو ایک اہم کانفرنس منعقد ہو رہی ہے، جس میں 150 مقامی کمپنیوں نے رجسٹریشن کروائی ہے، جبکہ چین کی 100 سے زائد فارماسیوٹیکل کمپنیاں بھی شرکت کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت فارماسیوٹیکل شعبے میں چینی سرمایہ کاری لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) کے بجائے عملی معاہدوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان اس وقت 85 فیصد ادویات مقامی سطح پر تیار کرتا ہے، تاہم خام مال کا 99 فیصد درآمد کیا جاتا ہے، جو ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خام مال کی مقامی پیداوار بڑھا کر درآمدی بل کو کم کرنا ضروری ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاک-چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس اس حوالے سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی اور اس کے ذریعے فارما انڈسٹری کو حکومتی منصوبوں اور اہداف سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ادویات پر بارکوڈ سسٹم کے نفاذ سے جعلی ادویات کی روک تھام میں مدد ملے گی اور عوام کا اعتماد بحال ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر جعلی ادویات ایک اربوں ڈالر کی صنعت بن چکی ہے، جس سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
_2026_06_29_05_57_39_19768914.jpg)


Leave A Comment