پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخ کی دوسری بڑی گراوٹ، ہنڈرڈ انڈیکس 11 ہزار پوائنٹس سے زائد گر کر بند
کراچی: مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران سے متعلق خدشات کے اثرات عالمی مالیاتی منڈیوں کی طرح پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر بھی نمایاں نظر آئے، جہاں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تاریخ کی دوسری بڑی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کا اختتام ہوا۔
کاروبار کے آغاز سے ہی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے میں آئی اور ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 9 ہزار 780 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 47 ہزار 715 پوائنٹس کی سطح تک گر گیا، جس کے باعث مارکیٹ میں ٹریڈنگ کو ایک گھنٹے کے لیے عارضی طور پر معطل کرنا پڑا۔
بعد ازاں کاروبار بحال ہونے پر بھی مندی کا رجحان برقرار رہا اور ہنڈرڈ انڈیکس 13 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 44 ہزار 119 پوائنٹس تک نیچے آ گیا۔
تاہم کاروبار کے اختتام تک کچھ بہتری دیکھی گئی اور انڈیکس مجموعی طور پر 11 ہزار 15 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 46 ہزار 480 پوائنٹس پر بند ہوا۔
آج کے کاروباری دن کے دوران اسٹاک ایکسچینج میں شامل 567 کمپنیوں میں سے صرف 33 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 386 کمپنیوں کے شیئرز میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ مارکیٹ میں 62 کروڑ شیئرز کا کاروبار ہوا جس کی مجموعی مالیت تقریباً 37 ارب روپے رہی۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 57 ہزار 496 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث ایشیائی اور عالمی اسٹاک مارکیٹس بھی دباؤ کا شکار رہیں۔ جاپان کے نکئی انڈیکس اور جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں تقریباً 7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں ڈھائی فیصد سے زائد اور بھارت کے نفٹی انڈیکس میں تقریباً 3 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق جرمنی، برطانیہ اور یورو اسٹاکس میں بھی ایک فیصد سے زائد گراوٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ امریکی اسٹاک مارکیٹ میں بھی مجموعی طور پر ایک فیصد کی کمی دیکھی گئی۔
_2026_03_09_15_10_58_57906919.jpg)


Leave A Comment