پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پانچ روز میں بڑا اضافہ
ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پانچ روز کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 5 ستمبر کے مقابلے میں 10 ستمبر تک پٹرول کی قیمت میں 21 روپے 88 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 14 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا۔
10 ستمبر 2026 سے پٹرول کی قیمت 367 روپے 75 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 392 روپے 67 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اس سے ایک روز قبل 9 ستمبر کو پٹرول 364 روپے 35 پیسے جبکہ ڈیزل 385 روپے 95 پیسے فی لیٹر تھا۔
8 ستمبر کو پٹرول کی قیمت 358 روپے 77 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 381 روپے 77 پیسے فی لیٹر مقرر تھی، جبکہ 5 ستمبر کو پٹرول 345 روپے 87 پیسے اور ڈیزل 378 روپے 5 پیسے فی لیٹر دستیاب تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر لاگت 234 روپے 73 پیسے بنتی ہے، تاہم اس کی موجودہ قیمت 367 روپے 75 پیسے ہے۔ پٹرول پر لیوی، ٹیکس اور مارجنز کی مد میں 131 روپے 60 پیسے فی لیٹر وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ ڈیزل پر 122 روپے 55 پیسے فی لیٹر لیوی، ٹیکس اور مارجنز عائد ہیں۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی، خلیجی خطے میں تیل بردار جہازوں پر حملوں اور یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔ موجودہ صورتحال کے باعث دنیا کے مختلف ممالک میں صارفین کے لیے پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
_2026_09_10_11_52_33_17931124.jpg)

_2026_09_01_11_13_55_52835324.jpg)
Leave A Comment