امریکا ایران امن معاہدہ عالمی امن کے لئے تاریخی سنگِ میل ہے,وزیر اعظم شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ طویل کشیدگی کے بعد بالآخر دنیا میں امن کا سورج طلوع ہو گیا ہے اور ایران و امریکہ کے درمیان جنیوا میں ہونے والی تاریخی امن معاہدے کی دستخطی تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا، جو 19 جون کو منعقد کی جائے گی۔ ایوانِ زیریں میں اپنے معرکہ آرا خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج دنیا نے امن کا ایک عظیم اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 3 ماہ اور 16 دن کی بے پناہ آزمائشوں اور کٹھن سفارتی کوششوں کے بعد ایران اور امریکہ نے تمام محاذوں پر جنگ کے مستقل خاتمے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس شاندار کامیابی پر وزیراعظم نے پاکستانی قوم سمیت عالمی برادری، ایوان کے تمام اراکین اور سیاسی رہنماؤں کو دلی مبارکباد پیش کی۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف، صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ سفارت کاری، فہم و فراست اور مذاکراتی عمل کی بہت بڑی کامیابی ہے، جو جنگ کی تباہی کے مقابلے میں امن اور مکالمے کی فتح کو ثابت کرتی ہے۔ انہوں نے اس سنگ میل پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو مبارکباد پیش کی، اور ساتھ ہی کٹھن حالات میں صبر و دانش کا مظاہرہ کرنے والی مذاکراتی ٹیموں کو بھی سراہا۔ وزیراعظم نے اس پورے عمل میں امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے انتہائی کلیدی کردار کا اعتراف کیا اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور چین کے صدر شی جن پنگ کے مخلصانہ تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے اس تزویراتی کامیابی پر عسکری قیادت کا خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ذکر کیے بغیر ان کی یہ تقریر بالکل نامکمل رہے گی، کیونکہ فیلڈ مارشل نے خطے میں جنگ کے شعلے ماند کرنے اور بین الاقوامی سطح پر امن کے قیام کے لیے دن رات انتھک کاوشیں کی ہیں۔ انہوں نے قومی اسمبلی کے ایوان میں موجود ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کو خوش آمدید کہا اور اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی غیر معمولی سفارتی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ معاشی دباؤ کے باوجود قوم کی استقامت رنگ لائی ہے اور آج دنیا نے تسلیم کر لیا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر امن، استحکام اور بامقصد مکالمے کا سب سے بڑا علمبردار بن کر ابھرا ہے۔



Leave A Comment