پی ایم ڈی سی کی نئی ایڈمیشن پالیسی جاری، خلاف ورزی پر میڈیکل کالجز کو بھاری جرمانے
میرٹ لسٹ میں تاخیر پر 5 لاکھ روپے جرمانہ، مقررہ نشستوں سے زائد داخلوں پر جرمانے کے ساتھ نشستوں میں بھی کمی ہوگی
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل ایڈمیشن پالیسی 2026 جاری کردی ہے، جس کے تحت داخلوں کے قواعد کی خلاف ورزی، انتظامی غفلت اور مقررہ طریقہ کار پر عمل نہ کرنے والے میڈیکل و ڈینٹل کالجز کے خلاف بھاری مالی جرمانے عائد کیے جا سکیں گے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق میرٹ لسٹ جاری کرنے میں تاخیر پر متعلقہ میڈیکل کالج کو 5 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا، جبکہ تاخیر کے ہر اضافی دن پر مزید 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
پالیسی میں بے ضابطہ داخلوں پر بھی سخت کارروائی کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ ایسے کالجز سے متعلقہ طالب علم کی سالانہ اصل فیس کے برابر جرمانہ وصول کیا جائے گا اور اگلے تعلیمی سیشن میں ان کی نشستیں بھی کم کی جا سکیں گی۔
مختص نشستوں سے زیادہ طلبہ کو داخلہ دینے والے کالجز پر ہر اضافی طالب علم کی سالانہ اصل فیس کے برابر جرمانہ عائد ہوگا، جبکہ اگلے سیشن میں ان کی نشستوں میں دوگنی کمی کی جائے گی۔
طلبہ کی رجسٹریشن اور ریکارڈ میں تاخیر پر بھی جرمانے
پی ایم ڈی سی نے میڈیکل کالجز کی انتظامی غفلت کے خلاف بھی جرمانے مقرر کیے ہیں۔ طلبہ کی رجسٹریشن میں تاخیر پر فی طالب علم 50 ہزار روپے، گریجویشن کی اطلاع دینے میں تاخیر پر فی طالب علم 75 ہزار روپے اور سالانہ امتحانی نتائج کی اطلاع میں تاخیر پر فی طالب علم 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔
اسی طرح کسی طالب علم کی منتقلی یا تعلیم چھوڑنے کی اطلاع بروقت نہ دینے پر ایک لاکھ روپے، جبکہ طلبہ کی مقررہ فیس اور دیگر چارجز سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ روپے جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
پالیسی کے مطابق رجسٹریشن میں تاخیر پر سرکاری اداروں کے لیے فی طالب علم ماہانہ 150 روپے، جبکہ نجی کالجز کے لیے فی طالب علم ماہانہ 300 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔
دستاویزات کی آن لائن جمع آوری لازمی
نئی پالیسی کے تحت میڈیکل و ڈینٹل کالجز، جامعات اور طلبہ کے لیے تمام متعلقہ دستاویزات پی ایم ڈی سی کے مقررہ آن لائن پورٹل پر جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مقررہ فارمیٹ اور آن لائن پورٹل کے علاوہ جمع کرائی گئی دستاویزات قبول نہیں کی جائیں گی، جبکہ آن لائن رپورٹنگ کی شرائط پوری نہ کرنے پر بھی جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔
مکمل لائسنس کے لیے ایک سالہ ہاؤس جاب لازمی
پی ایم ڈی سی کی نئی پالیسی میں مکمل لائسنس کے حصول کے لیے کم از کم ایک سالہ ہاؤس جاب لازمی قرار دی گئی ہے۔ ہاؤس جاب مکمل ہونے کے 10 دن کے اندر متعلقہ تدریسی ہسپتال کو سرٹیفکیٹ پی ایم ڈی سی میں جمع کرانا ہوگا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق جرمانہ عائد کرنے سے پہلے متعلقہ ادارے کو نوٹس جاری کرنا اور اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دینا لازمی ہوگا۔ بار بار خلاف ورزیوں کی صورت میں مزید داخلوں پر پابندی سمیت قانون کے تحت دیگر کارروائیاں بھی کی جا سکیں گی۔



Leave A Comment