پی ایم ڈی سی نے پانچ سالہ بی ڈی ایس پروگرام کا نفاذ موخر کردیا
اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے پانچ سالہ بی ڈی ایس پروگرام کے نفاذ سے متعلق سابقہ نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے پروگرام کے نئے فریم ورک پر عملدرآمد مؤخر کردیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق پانچ سالہ بی ڈی ایس پروگرام کے تعلیمی ڈھانچے اور نصاب کا جامع جائزہ شروع کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بی ڈی ایس پروگرام کے ہاؤس جاب اور انٹرن شپ کے فریم ورک کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
کونسل کے مطابق پانچ سالہ بی ڈی ایس پروگرام سے متعلق آئندہ فیصلہ جامع جائزہ مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا، جبکہ نئے فریم ورک کے حوالے سے مزید معلومات بھی جائزہ مکمل ہونے پر فراہم کی جائیں گی۔
پی ایم ڈی سی نے اس حوالے سے کونسل سے تسلیم شدہ میڈیکل اور ڈینٹل جامعات کو بھی مراسلہ ارسال کردیا ہے۔ یاد رہے کہ پی ایم ڈی سی نے رواں سال 8 جولائی کو پانچ سالہ بی ڈی ایس پروگرام سے متعلق فیصلہ کیا تھا، تاہم اب اس کے فریم ورک کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

_2026_09_10_12_16_14_40243443.jpg)

Leave A Comment