صدر مملکت اوروزیراعظم کی شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پردہشتگرد حملے کی مذمت
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور صدرمملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے ۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور واقعے میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو مٹی میں ملا دیا، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید جوانوں پر فخر ہے۔
وزیرِ اعظم نے شہداء کی مغفرت اور انکے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی بھی دعاکی ۔
صدرمملکت کی دہشتگرد حملے کی مذمت ،شہید جوانوں کو خراج عقیدت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور دہشت گرد حملے میں شہید ہونیوالے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
صدر مملکت نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا ، انہوں نے شہداء کیلئے بلندی درجات ، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی مذمت
میرعلی میں چیک پوسٹ پردہشتگرد حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اورکیپٹن سمیت 7جوان شہید
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی ، سپیکرنے دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں فوجی جوانوں کے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وطن کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہونے والے قوم کے جری سپوت لیفٹیننٹ کرنل کاشف، کیپٹن احمد سمیت دیگر کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ، قوم اپنے جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشتگرد دشمن کے ناپاک عزائم پر عمل پیرا ہیں جس میں وہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے، دہشتگردوں کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
واضح رہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد بھی مارے گئے۔



Leave A Comment