وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا افتتاح کر دیا
لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (PAFDA) کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے اور کہا کہ اس کی ڈرگ اور فوڈ لیبارٹری پورے ملک کی خدمت کرے گی۔ افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں اور انہیں لیبارٹری کے کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دستاویزی فلم میں وزیراعلیٰ کے اقدامات کا تفصیلی احاطہ بھی پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ زرعی مصنوعات اور ادویات کی شفاف نگرانی کے لیے اتھارٹی کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور امید ہے کہ یہ ادارہ خطے میں سینٹر آف ایکسیلنس کے طور پر کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات قابل ستائش ہیں اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال حکومت کا عزم ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک کی خدمت کے لیے بنائی گئی ہے اور جرائم کے خلاف ناقابل تردید شواہد فراہم کرنے کے لیے فرانزک لیب کا جال بھی بچھایا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اتھارٹی کا قیام عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے اور پنجاب ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جدید لیبارٹری نہ ہونے کے سبب برآمد کنندگان اور صارفین نقصان اٹھا رہے تھے، اور اب یہ خلا ختم ہو جائے گا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ سیٹلائٹ کرائم سین یونٹس کا دائرہ کار 38 اضلاع تک پھیلا دیا گیا ہے، جبکہ PAFDA 10 سال کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ میرٹ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام کی خدمت ہمارا بنیادی شعار ہے۔
_2026_01_31_17_12_41_79274987.jpg)


Leave A Comment