لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈیوٹی میں غفلت، وزیراعلیٰ کا سخت نوٹس
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی کا عمل جاری ہے۔ اسی سلسلے میں وزیراعلیٰ کی اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ (SMU) کی ٹیم کے حالیہ دورۂ چلڈرن ہسپتال لاہور کی رپورٹ میں انتظامی اور پیشہ ورانہ کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بعض ڈاکٹرز اور کنسلٹنٹس سمیت متعدد عملہ اپنی مقررہ ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا گیا، جبکہ موجود اسٹاف کے چند ارکان دورانِ ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال میں مصروف تھے۔ اس کے علاوہ کچھ اہلکار آرام کرتے ہوئے اور بعض مریضوں کے لواحقین سے غیر مناسب رویہ اختیار کرتے ہوئے بھی پائے گئے، جو کہ طبی اخلاقیات اور سرکاری ضابطۂ کار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
دوسری جانب لاہور جنرل ہسپتال میں انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دورانِ ڈیوٹی موبائل فون استعمال کرنے پر 6 اسٹاف نرسز کے خلاف تادیبی کارروائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔ اس اقدام کو محکمۂ صحت کی جانب سے نظم و ضبط کے قیام اور مریضوں کے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سرکاری ہسپتالوں میں غیر حاضری، غفلت اور غیر پیشہ ورانہ رویے پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں، اور آئندہ دنوں میں مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر، بروقت اور باعزت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔



Leave A Comment