محکمہ لائیوسٹاک پنجاب نے حالیہ مون سون بارشوں کے پیشِ نظر مویشی پال حضرات کو اپنے جانوروں کی صحت، حفاظت اور پیداواری صلاحیت برقرار رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ماہرین کے مطابق بارشوں کے موسم میں جانوروں میں متعدی بیماریوں اور انفیکشن کے خطرات بڑھ جاتے ہیں، تاہم بروقت اقدامات سے ان نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

ہدایات میں کہا گیا ہے کہ جانوروں کو بارش سے محفوظ، خشک اور ہوادار شیڈ میں رکھا جائے اور شیڈ میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے تاکہ نمی اور گندگی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچا جا سکے۔ جانوروں کو صاف اور تازہ پانی فراہم کیا جائے جبکہ آلودہ یا کھڑا پانی پلانے سے گریز کیا جائے۔

مزید کہا گیا ہے کہ مویشیوں کو معیاری اور متوازن چارہ دیا جائے اور گیلا یا پھپھوندی زدہ چارہ استعمال نہ کیا جائے کیونکہ یہ صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ مچھروں، مکھیوں اور دیگر حشرات سے بچاؤ کے لیے باقاعدہ اسپرے اور صفائی کا اہتمام ضروری ہے۔

محکمہ لائیوسٹاک نے ہدایت کی ہے کہ جانوروں کی بروقت ویکسینیشن اور ڈی وارمنگ کروائی جائے۔ اگر کسی جانور میں بیماری کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر ماہرین سے رجوع کیا جائے اور بیمار جانور کو دیگر صحت مند جانوروں سے الگ رکھا جائے تاکہ بیماری پھیلنے سے روکی جا سکے۔

حکام نے کہا ہے کہ ان احتیاطی تدابیر پر عمل سے نہ صرف جانوروں کی صحت محفوظ رہے گی بلکہ دودھ اور گوشت کی پیداوار میں بھی تسلسل برقرار رہے گا۔ مزید رہنمائی یا ہنگامی صورتحال میں مویشی پال حضرات محکمہ لائیوسٹاک کی ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

 

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار