پنجاب میں یکم جون سے سمر کیمپس کی اجازت، اضافی فیس لینے پر پابندی
محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں یکم جون سے سمر کیمپس لگانے کی اجازت دے دی ہے۔
جاری مراسلے کے مطابق سمر کیمپس یکم جون سے 30 جون تک جاری رہیں گے۔ یہ کیمپس پیر سے جمعرات تک صبح 7 بجے سے 10 بجے تک منعقد کیے جا سکیں گے جبکہ جمعہ کے روز سمر کیمپس بند رہیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام کلاسز کے طلبہ ان کیمپس میں شرکت کر سکتے ہیں، تاہم یہ لازمی نہیں ہوگی اور اس کے لیے والدین کی اجازت ضروری قرار دی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ نجی سکول سمر کیمپس کے نام پر کسی قسم کی اضافی فیس وصول نہیں کر سکیں گے۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام سرگرمیاں کلاس رومز اور ان ڈور ماحول میں کرائی جائیں، جبکہ سکول انتظامیہ ٹھنڈے پانی، صفائی، پنکھوں اور بجلی کے بیک اپ کا انتظام یقینی بنائے۔
حکام کے مطابق طلبہ کے لیے یونیفارم لازمی نہیں ہوگی اور انہیں موسم کے مطابق لباس پہننے کی اجازت دی جائے گی۔ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
_2026_06_01_08_47_37_17547227.jpg)


Leave A Comment