بالاکوٹ؛ شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے پیش نظر جھیل سیف الملوک جانے والی سڑک بند
شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے خدشے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر جھیل سیف الملوک جانے والی سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے تاحکمِ ثانی بند کر دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے شدید بارشوں اور ممکنہ کلاؤڈ برسٹ کے الرٹ کے بعد بالاکوٹ، وادی کاغان، ناران، جھیل سیف الملوک اور ملحقہ علاقوں میں سیاحوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بالاکوٹ، وادی کاغان اور ناران سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی موجود ہیں۔ اسی لیے جھیل سیف الملوک روڈ کو حالات معمول پر آنے تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات بھی شدید بارش کے باعث جھیل سیف الملوک روڈ پر واقع نالے میں طغیانی آنے سے سڑک بند ہو گئی تھی۔ بعد ازاں کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی مشینری نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سڑک بحال کی اور وہاں پھنسے سیاحوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔


_2026_07_29_10_17_50_23679212.jpg)
Leave A Comment