بھارت نے مسلسل گیارہویں مرتبہ سلال ڈیم سے پانی چھوڑ دیا، فلڈ الرٹ جاری
اسلام آباد: بھارت کی جانب سے سلال ڈیم سے مسلسل گیارہویں مرتبہ پانی چھوڑے جانے کے بعد پاکستان میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق بھارت سے تقریباً 90 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ پاکستان پہنچنے کا امکان ہے، جس کے باعث دریائے سندھ اور دیگر دریاؤں کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
ملک کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے تاہم دریائے سندھ کے مختلف مقامات پر نچلے اور درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ سکھر بیراج پر درمیانے درجے جبکہ کالا باغ، چشمہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے راوی میں ہیڈ بلوکی کے مقام پر بھی نچلے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔
حکام کے مطابق دریائے جہلم، چناب، ستلج، راوی اور کابل کے بیشتر اہم مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ چاچڑان شریف اور بے نظیر پل کے مقامات پر پانی کے اخراج میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ وہاں پانی کا اخراج 2 لاکھ 18 ہزار 978 کیوسک رپورٹ ہوا ہے۔
دوسری جانب تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1,539 فٹ تک پہنچ گئی ہے اور ڈیم تقریباً 89 فیصد بھر چکا ہے، جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1,196 فٹ سے تجاوز کر گئی ہے اور اس میں تقریباً 57 فیصد پانی ذخیرہ ہے۔
متعلقہ اداروں نے دریاؤں، بیراجوں اور نشیبی علاقوں کی صورتحال پر مسلسل نگرانی جاری رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔



Leave A Comment