سندھ حکومت کا کسانوں کو یوریا کھاد پر سبسڈی دینے کا فیصلہ، ادائیگیاں 2 فروری سے شروع
کراچی: سندھ حکومت نے گندم کے کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یوریا کھاد پر سبسڈی دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ اقدام چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر سندھ ویٹ گروورز سپورٹ پروگرام کے تحت کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر کے مطابق یوریا کھاد کی سبسڈی کی ادائیگی 2 فروری 2026 سے شروع کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت نے دوسرے مرحلے کے لیے 12 ارب روپے سے زائد رقم سندھ بینک کو جاری کر دی ہے۔
وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ اس مرحلے میں 2 لاکھ 12 ہزار 171 تصدیق شدہ کسانوں کی فہرست سندھ بینک کو فراہم کر دی گئی ہے۔ گندم کے تصدیق شدہ کاشتکار فی ایکڑ 8 ہزار روپے یوریا سبسڈی کے طور پر سندھ بینک اور متعلقہ بینکوں سے حاصل کر سکیں گے۔
سردار محمد بخش مہر نے مزید کہا کہ سندھ حکومت زرعی شعبے کی مضبوطی اور کسانوں کی معاشی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، اور یہ سبسڈی پروگرام صوبے میں گندم کی پیداوار بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔



Leave A Comment