ایشیا اردو

سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں محکمہ موسمیات کے تعاون سے کروڑوں روپوں کی لاگت سے خودکار موسمیاتی اسٹیشن قائم کردیا گیا ہے جس کا لنک ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے جس سے دنیا بھر میں پاکستان کے موسم کی صورتحال کا آن لائن مشاہدہ کیا جا سکے گا۔یہ بات ڈائریکٹر سی سی آر آئی ملتان ڈاکٹر زاہد محمود نے اپنے پیغام میں کہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ  ادارہ ہذا میں قائم کردہ موسمیاتی اسٹیشن پر لگی مشینری جاپانی ٹیکنالوجی پر مشتمل ہے جس میں مختلف قسموں کے جدید سینسر لگے ہیں جن کی مدد سے ہم موسم کی ہر لمحہ کی صورتحال مثلاً بارش،ہوا کی رفتار، سورج کی روشنی کے وقت کی حد،زمین کا درجہ حرارت، ہوا میں نمی کا تناسب اور آبی بخارات کا ڈیٹا معلوم کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹر زاہد محمود نے بتایا کہ ادارہ ہذا میں قائم موسمی اسٹیشن کے قیام سے ہم اپنے کسانوں کو بذریعہ آن لائن موسم کی صورتحال بارے آگاہی فراہم کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر کسان اپنی کسی فصل کی بجائی کرنا چاہتے ہیں تو اس علاقے کے موسم کے مطابق انہیں بارش، بادل، ہوا اور آبپاشی کے لئے موسم بارے لمحہ موجود کی صورتحال کا پتا چل سکے گا تاکہ کسان بھائی موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصل کی بجائی،آبپاشی، اور کیڑے مار ادویات کا سپرے کر سکیں۔ ڈاکٹر زاہدمحمود کا مزید کہنا تھا کہ اس موسمی اسٹیشن کے ذریعے نہ صرف کاشتکاروں کو فائدہ ہوگا بلکہ زرعی سائنسدانوں، زرعی تدریسی جامعات کے طلبہ وطالبات اور اساتذہ کرام کو بھی اپنی تحقیقی سرگرمیوں کے مقاصد کے لئے موسمی ڈیٹا بروقت حاصل ہو سکے گا۔ ڈاکٹر زاہد محمود کا کہنا تھا کہ  ادارہ ہذا وقت کے جدید تقاضوں کو سامنے رکھ کر کپاس کے تحقیقی میدان میں جدت لانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے جس سے نہ صرف کپاس کی پیداوار میں بہتری آئے گی بلکہ تحقیقاتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار