رپورٹ ایشیا اردو

بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی زرعی تعلیم اور بارانی علاقوں میں زرعی تحقیق کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے  بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں ہفتہ سلور جوبلی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سلور جوبلی تقریبات کے انعقاد پر پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر قمرالزمان سمیت تمام عملہ اور طلبہ و طالبات مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ بارانی یونیورسٹی ایک نرسری کا کردار ادا کر رہی جہاں کے طلبہ مستقبل کے تناآور درخت بن کر ملکی معیشت میں کردار ادا کریں گے۔ بارانی زرعی یونیورسٹی کا 25 سالہ سفر انتہائی قابل تحسین ہے۔ اس یونیورسٹی نے زرعی تعلیم و تحقیق کے میدان میں قابل قدر خدمات سر انجام دی ہیں اور اسی یونیورسٹی کے گریجویٹس ملک بھر میں مختلف اداروں میں گرانقدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیر زراعت پنجاب کا کہنا تھا کہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی زرعی تعلیم اور بارانی علاقوں میں زرعی تحقیق کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ بلاشبہ یہ قابل فخر ادارہ ملک کے بارانی علاقوں میں جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جس سے بارانی علاقوں میں پیداوار میں اضافہ کے ساتھ کاشتکاروں کا معیارِ زندگی بھی بہتر ہورہا ہے۔ بارانی زرعی یونیورسٹی نے ملک میں ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ ہائی ویلیو کراپس پر تحقیق کے منصوبے جاری ہیں جن سے مستقبل میں اس خطہ میں زراعت کو جدید خطوط پر فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ امسال "یونیورسٹی فارمر آوٹ ریچ پروگرام" کے تحت اس یونیورسٹی کے زرعی طالب علم محکمہ زراعت پنجاب کے ساتھ مل کر گندم اور ربیع 2021-22 کی فصلات کی پیداواری مہم میں شامل ہیں اور اس ضمن میں کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔ حسین جہانیاں گردیزی نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں زرعی تعلیم وتحقیق کو اہمیت نہیں دی گئی۔ زرعی ریسرچ پر مبنی تعلیم دراصل زراعت کی سمت کا تعین کرنے میں سب سے اہم کردار ادا کرتی ہے۔موجودہ حکومت نے زراعت کے شعبے کو اولین ترجیح دیتے ہوئے مثالی اقدامات کئے ہیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی ڈاکٹر قمر ازمان نے بتایا کہ یونیورسٹی میں اس وقت 6 فیکلٹیز کام کر رہی ہیں اور ادارہ ہذا میں کل طلبہ کی تعداد 12 ہزار سے زائد ہے۔ یونیورسٹی میں زراعت کے علاوہ، وئینٹری، بائیو کیمسٹری، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں تعلیم مہیا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے وزیر زارعت پنجاب کا سلور جوبلی تقریبات میں بطور مہمانِ اعزازشرکت پر شکریہ ادا کیا۔ بارانی زرعی یونیورسٹی کی سلور جوبلی کی تقریب میں سکالرز، اکیڈمیا و طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار