وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار کی ہدایت پر کوہ سلیمان کے کسانوں کو سبسڈی پر گندم کا تصدیق شدہ، بیماریوں سے پاک بیج تقسیم کرنے کیلئے ڈی جی خان میں محکمہ زراعت کے دفتر میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری بارک اللہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سالہاسال چلنے والے گندم کے پرانے بیج کی نئی سفارش کردہ اقسام سے تبدیلی وزیر اعلیٰ پنجاب کا کوہ سلیمان کے غریب کسانوں کیلئے ایک احسن اقدام ہے۔ گندم کایہ بیج 90 فیصد سبسڈی پر فراہم کیا جا رہا ہے جس سے کاشتکار فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے ساتھ زیادہ منافع بھی حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گندم ہماری بنیادی خوراک ہے لہٰذا غذائی ضروریات کو پورا کرنے اور گندم کی فصل کو زیادہ منافع بخش بنانے کیلئے اس کی پیداوار میں اضافہ وقت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے 12 ارب 54 کروڑ روپے کا زرعی ایمرجنسی پروگرام جاری ہے جس کے تحت کاشتکاروں کو رعائتی نرخوں پر گندم کا تصدیق شدہ اور بیماریوں سے پاک بیج فراہم کیا جارہا ہے۔ اس منصوبہ پر عملدرآمد سے گندم کی اوسط پیداوار میں 7 من فی ایکڑ کا اضافہ متوقع ہے۔ اس موقع پر ایم پی اے شاہینہ نجیب کھوسہ نے کہا کہ کوہ سلیمان میں کاشتکاروں کی خوشحالی اور زراعت کی ترقی کیلئے متعدد عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جن کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔ فارم سے مارکیٹ تک زرعی اجناس کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کوہ سلیمان کے کاشتکاروں کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔ ان اقدامات کے نتیجے میں نہ صرف کاشتکار خوشحال ہوں گے بلکہ علاقہ بھی ترقی کرے گا۔ اس موقع پر ڈی جی زراعت ریسرچ ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ اس علاقہ کی ترقی کیلئے مقامی سطح پر فصلوں، باغات اور سبزیات کی بہتر پیداوار کیلئے یہاں پر تحقیق کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ میں کاشتکاروں کو جدید اقسام کے 10 لاکھ بیگ فراہم کئے جارہے ہیں جس سے پیداوار میں 15 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ امسال گندم کی فی ایکڑ پیداوار کا ہدف 35 من مقرر کیا گیا ہے۔ نئی اقسام اور جدید ٹیکنالوجی پر عملدرآمدسے ہی ریکارڈ پیداوار کا حصول ممکن ہے۔ ڈائریکٹر زراعت توسیع مہر عابد حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ امسال گندم کی 4 جدید اقسام اکبر 19، اناج، اجالا اور فخر بھکر کے 3 ہزار بیگ کاشتکاروں میں 90 فیصد سبسڈی پر فراہم کئے جارہے ہیں۔ یہ اقسام زیادہ پیداواری صلاحیت اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھتی ہیں جبکہ ان میں زنک بوران اور آئرن کی مقدار بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے محکمہ زراعت کی منظور شدہ اقسام کے بیج کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت کریں۔ انہوں نے کہا کہ سبزیات کے بیج کے 6 ہزار پیکٹس بلامعاوضہ فراہم کئے جائیں گے جن میں سے 3000 پیکٹس رواں سیزن فراہم کئے جارہے ہیں۔ ہائی ویلیو ایگری کلچر کے فروغ کیلئے اس ایریا میں پھلدار درختوں کے باغات لگانے اور واٹر مینجمنٹ کے تحت تالاب اور سولر پاور سے چلنے والی لفٹ اریگیشن سکیموں پر 90 فیصد سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ اس موقع پر پولیٹیکل اسسٹنٹ اکرام اللہ ملک، غلام محمد، عبدالصمد و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار