ایشیا اردو

صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی کی زیر صدارت وزیرا علیٰ ہاؤس میں ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں زراعت اور آبپاشی کے محکموں میں جاری پراجیکٹس پرکام کی رفتار کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر آبپاشی محسن خان لغاری، چیف سیکرٹری پنجاب کامران افضل، وزیر اعلیٰ مانیٹرنگ یونٹ کے ہیڈ فصیل آصف، سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی، سیکرٹری آبپاشی سیف انجم کے علاوہ سنیئر آفسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر محکمہ زراعت و آبپاشی میں بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ حکومت جس تبدیلی کے نعرے کے ساتھ آئی تھی اُس کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے تحت شروع کئے گئے مختلف منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔کسان کارڈ موجودہ حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس کے تحت کسانوں کو زرعی اجناس، بیج اور زرعی آلات پر حکومت کی جانب سے سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ محکمہ آبپاشی کو اپنی سروس ڈلیوری مزید بہتر بنانے کی طرف توجہ مبذول کر نے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر آبپاشی محسن خان لغاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کی جانب سے جلال پورکنال ایریگیشن پراجیکٹ کی تکمیل سے پنڈ دادنخان اور خوشاب کا ایک لاکھ 70 ہزار ایکڑ رقبہ سراب ہوگا اوراس کی لمبائی 116 کلومیٹر پر محیط ہے جس سے اس علاقے کی زراعت کے شعبہ سے منسلک آبادی کو بھر پور فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ کے حصول کے لئے تمام تر کاوشیں برائے کار لانے پر زور دیا۔سیکرٹری زراعت اسد رحمان گیلانی نے مالی سال 2021-2022 کے31بلین ڈویلپمنٹ بجٹ، 17.5 بلین نان ڈویلپمنٹ بجٹ پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ایگریکلچر ریسرچ اور ائنویشن کے 25 منصوبوں پر 14.8بلین روپے، زراعت کے شعبہ (توسیع) سروسز کے 10منصوبوں پر 33.3بلین روپے، واٹر مینجمنٹ ونگ کے 12منصوبوں پر 109بلین روپے اور ایگری ایجوکیشن کے 8منصوبوں پر 4.7بلین روپے،ایگری میکنیزم سروسز کے 7 منصوبوں کے لئے 12.4بلین روپے جبکہ ایگریکلچر مارکینٹگ کی بہتری کے7منصوبوں کے لئے 24.5بلین روپے مختص کیے گئے ہیں جن پر کام جاری ہے۔ اسد رحمان گیلانی نے سیڈ کی پیداوار ایگریکلچر ٹرانسفورمیشن پلان کے تحت سیڈ کی پیداوار اور اس کی تقسیم، فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے میکنائزڈ ایگریکلچر کا فروغ، سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کے لئے زراعت کے شعبہ (توسیع)کی پرائیوٹزیشن کے مقاصد،پرائم منسٹر ایگریکلچر ایمرجنسی پیکیج، کسان کارڈ، زرعی شعبہ میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے اقدامات کے بارے میں بتایا۔سیکرٹری آبپاشی سیف انجم نے محکمہ آبپاشی کے ڈی جی خان کے ایریگیشن زون میں پہاڑی ٹورنیٹ کی مینجمنٹ، تریمو بیراج، پنچند ہیڈ ورکس کی بحالی و اپ گریڈیشن، کتب ڈرین کی توسیع و بحالی، اسلام بیراج کی بحالی اور سیلکٹیو لائنگ ایریگیشن چینلز، جلال پور ایریگیشن پراجیکٹ اور چوبرہ برانچ گریٹر کنال کے پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار