ایشیا اردو

 ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق بہاریہ مکئی (صرف ہائبرڈ اقسام) کا وقت کاشت آخر جنوری تا آخر فروری ہے۔ کاشتکار مکئی کی ہائبرڈز اقسام وائی ایچ 1898، ایف ایچ 949 (صرف بہاریہ کاشت)، ایف ایچ 1046 اور وائی ایچ5427- کاشت کریں جبکہ مکئی کی عام منظور شدہ اقسام میں گوہر19-، ساہیوال گولڈ، سمٹ پاپ، پاپ1-، سویٹ1-، ملکہ2016-، ایم ایم آر آئی ییلو اور پرل11- شامل ہیں۔ مکئی کی پیداوار میں اضافہ کی بنیادی وجہ ہائبرڈ بیج اور جدید پیداواری ٹیکنالوجی کا استعمال ہے کیونکہ ہائبرڈ اقسام بہترین پیداواری صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان دوغلی اقسام میں گرم اور خشک موسمی حالات کو برداشت کرنے کی بہترین صلاحیت ہوتی ہے۔ ان ہائبرڈ اقسام کی چھلیاں عام طور پر آخری سرے تک دانوں سے بھری ہوتی ہیں۔ ہائبرڈ اقسام کا قد درمیانہ، تنا اور جڑیں مضبوط ہوتی ہیں جس کی وجہ سے یہ زیادہ کھاد برداشت کر لیتی ہیں اور گرنے سے محفوظ رہتی ہیں۔ بہاریہ مکئی کی بہتر پیداوار کے حصول کے لیے زمین کی تیاری او ر موزوں طریقہ کاشت کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ اچھے طریقہ سے تیار کی گئی زمین میں مکئی کی جڑوں کی بڑھوتری آسان اور پکڑ مضبوط ہوتی ہے۔ مکئی کی اچھی پیداوار لینے کے لیے کھیت کا ہموار ہونا ضروری ہے تاکہ پانی ایک جیسا لگے۔ بہاریہ مکئی زیادہ تر وٹوں پر کا شت کی جاتی ہے۔ اس لیے اگر کھیت ہموار نہیں ہو گا تو پا نی لگانے سے کہیں تو پانی وٹوں کے اوپر چڑھ جائے گا اور کہیں نیچے رہ جائے گا جس سے نہ صر ف اُگاؤ متاثر ہو گا بلکہ بعد میں بڑھوتری بھی متاثر ہوگی۔ وٹوں پر کاشت کے لیے صاف ستھرا، صحت مند، خالص اور 90 فیصد سے زائد روئیدگی رکھنے والا 8 سے 10 کلو گرام جبکہ بذریعہ سنگل رو کاٹن ڈرل (صرف بارانی علاقے) 12 سے 15 کلو گرام بیج فی ایکڑ کافی ہوتا ہے۔ بیج کو ابتدائی مرحلہ میں رس چوسنے والے کیڑوں خصوصاً کونپل کی مکھی کے حملہ سے بچاؤ کے لیے محکمہ زراعت توسیع کے مقامی عملے کے مشورہ سے زہر لگا کر کاشت کریں۔ آبپاش علاقوں میں مکئی کی بہاریہ کاشت کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اڑھائی فٹ کے باہمی فاصلہ پر شرقاً غرباً وٹیں بنائی جائیں اور ہلکا پانی لگانے کے فوراً بعد ریز پہنچنے سے پہلے وٹوں کی ڈھلوان پر ایک ایک بیج کا وٹوں کے جنوبی سمت چوکا یا چوپا لگایا جائے۔ بہاریہ مکئی میں دوغلی اقسام کو 6 انچ اور سنتھیٹک اقسام کو 7 سے 8 انچ کے فاصلہ پر کاشت کریں۔ پودے سے پودے کا فاصلہ 6 انچ ہونے کی صورت میں پودوں کی فی ایکڑ تعداد تقریباً 35 ہزار جبکہ 7 سے 8 انچ فاصلہ کی صورت میں یہ تعداد 26 ہزار سے 30 ہزار ہوگی۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار