ایشیا اردو

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار کی ہدایات کے مطابق محکمہ زراعت کا عملہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے کاشتکاروں کو مقرر کردہ نرخوں کے مطابق کھادوں کی فراہمی یقینی بنانے میں کوشاں ہے اور اس ضمن میں کھادوں کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاتفریق قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی نے ضلع سرگودھا میں اپنے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس لئے محکمہ زراعت کے افسران روزانہ کی بنیاد پر کھادوں کی مقرر کردہ قیمتوں پر فروخت کا ریکارڈ بھی مرتب کرنے کے ساتھ کھادوں کی طلب اور رسد پر گہری نظر رکھیں۔ محکمہ کے افسران و عملہ منڈیوں کا دورہ کرے اور ڈیلرز حضرات سے رابطہ میں رہے تاکہ ڈیمانڈ اور سپلائی میں تعطل پیدا نہ ہو۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرگودھا محمد اصغر علی جوئیہ نے سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی کو ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کھادوں کی ڈیمانڈ اینڈ سپلائی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے ڈویژن میں یوریا اور ڈی اے پی کھاد کے اسٹاک کے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع سرگودھا میں یوریا کے 56 ہزار ٹن سے زائد جبکہ ڈی اے پی کے 22 ہزار ٹن سے زائد بلیک ہونے والے اسٹاک کو ضبط کیا گیا ہے۔ اس میں ملوث افراد کے خلاف 52 ایف آئی آرز کا اندراج عمل میں لاتے ہوئے 34 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس میں ملوث افراد کو مجموعی طور پر 40 لاکھ 11 ہزار سے زائد جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ بعد ازاں سیکرٹری زراعت اسد رحمان گیلانی کو ڈائریکٹر سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ سرگودھا محمد نواز میکن نے ادارہ کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کینو کی پیداوار کے حوالے سے پاکستان دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے اوراس موقع پر ڈائریکٹر سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے اجلاس میں شرکاء کو سٹرس کی مختلف ورائٹیز کے متعلق تفصیلاً آگاہ کیا۔ سیکرٹری زراعت نے ڈائریکٹر سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ سرگودھا کو کینو کی مارکیٹنگ ویلیو چین کو مزید بہتربنانے کی ہدایات کیں تاکہ علاقے کے کاشتکار اس سے بھرپور منافع حاصل کر سکیں۔ سیکرٹری زراعت اسد رحمان گیلانی نے دورہ کے دوران آئی ایس او سرٹیفائیڈ لیبارٹریز برائے تجزیہ مٹی وپانی سرگودھا کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران لیبارٹریز میں ہونے والے کام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خوشاب حمزہ سالک، ڈائریکٹر زراعت (توسیع) فیاض کُندی، ڈائریکٹر سائل فرٹیلٹی قاضی محمد اکرم اور ڈائریکٹر سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ سرگودھا محمد نواز میکن سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار