مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا 149واں یوم پیدائش آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
لاہور: مفکر پاکستان، شاعر مشرق اور حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا 149واں یوم پیدائش آج 9 نومبر کو ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر علامہ اقبالؒ کی قومی، فکری اور ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
علامہ محمد اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں میں بیداری کی نئی روح پھونکی اور ایک علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا۔ 1930ء میں الہٰ آباد کے مقام پر دیا گیا ان کا تاریخی صدارتی خطبہ تحریک پاکستان میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کی فکر اور شاعری نے مسلمانوں کو خودی، اتحاد، خودداری اور آزادی کا پیغام دیا۔
ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ 9 نومبر 1877ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر میں حاصل کی، مشن ہائی اسکول سے میٹرک اور مرے کالج سے ایف اے کیا۔ بعد ازاں گورنمنٹ کالج لاہور سے فلسفے میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلینڈ گئے جہاں قانون کی تعلیم حاصل کی، جبکہ جرمنی کی میونخ یونیورسٹی سے فلسفے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے تدریس کے فرائض بھی انجام دیے، تاہم بعد میں وکالت کو مستقل پیشے کے طور پر اختیار کیا۔ 1922ء میں برطانوی حکومت نے انہیں سر کا خطاب دیا۔
علامہ اقبالؒ کے معروف شعری مجموعوں میں بانگ درا، بال جبریل، ضرب کلیم اور ارمغان حجاز شامل ہیں۔ ان کی شاعری آج بھی نوجوان نسل کو خودی، عمل، بلند حوصلے اور قومی اتحاد کا درس دیتی ہے۔
علامہ اقبالؒ 21 اپریل 1938ء کو انتقال کر گئے، تاہم ان کا پیش کردہ تصور پاکستان اور فکری ورثہ آج بھی قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔ ان کا مزار لاہور میں بادشاہی مسجد کے احاطے میں واقع ہے۔


_2026_11_10_09_33_23_70764271.jpg)
Leave A Comment