پاکستان میں غذائی کمی سے روزانہ 1300 بچوں کی اموات کا دعویٰ، وفاقی وزیر صحت
وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں روزانہ تقریباً 1300 بچے غذائی کمی کے باعث جان کی بازی ہار رہے ہیں۔
پاک فارما ہیلتھ کیئر ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان میں ہیلتھ کیئر سے وابستہ کمپنیاں ترقی کر رہی ہیں اور گزشتہ سال فارما انڈسٹری کی برآمدات میں 38 فیصد اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی تعاون کے بغیر کسی بھی صنعت کی ترقی مشکل ہے۔ وزیراعظم اور حکومت فارما انڈسٹری کے ساتھ کھڑے ہیں اور کمپنیوں کو مختلف شعبوں میں سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) 85 فیصد تک ڈیجیٹل ہو چکا ہے، جس سے ادارے میں شفافیت بہتر بنانے اور بدعنوانی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ 9 اکتوبر کو پاکستان میں نیا نظام متعارف کرایا جائے گا اور ادویات کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے گی۔
سید مصطفیٰ کمال کے مطابق تقریباً 25 کروڑ آبادی والے ملک میں صرف 22 ڈرگ انسپکٹرز کا کام کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں نئے صوبے وقت کی ضرورت ہیں۔ ان کے مطابق قیام پاکستان کے وقت ملک کی آبادی تقریباً ساڑھے 3 کروڑ تھی اور چار صوبے تھے، جبکہ آج آبادی ساڑھے 26 کروڑ تک پہنچ چکی ہے لیکن صوبوں کی تعداد اب بھی چار ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے ملک کمزور نہیں بلکہ مزید مضبوط ہوگا۔
تقریب سے خطاب میں سید مصطفیٰ کمال نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو بھی خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس کا سہرا فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم اور ڈپٹی وزیراعظم کو جاتا ہے۔ انہوں نے فوج کے خلاف مبینہ منفی مہم چلانے والے عناصر پر بھی تنقید کی۔
_2026_08_13_08_20_55_77326492.jpg)
_2026_08_13_08_18_21_38154542.jpg)
_2026_08_13_08_16_21_33163489.jpg)
Leave A Comment