کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کا اعلان، پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل
کھیلوں کی ڈیسک: آئی سی سی نے کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلے جانے والے میگا ایونٹ کا آغاز 2 اکتوبر 2027 کو ہوگا جبکہ فائنل 21 نومبر کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں شریک ہوں گی، جن میں 12 ٹیموں کو گروپ اسٹیج کے لیے دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان اور بھارت کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، افغانستان، زمبابوے اور کوالیفائر اے شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلادیش اور کوالیفائر بی شامل ہیں۔
ورلڈ کپ کا سب سے زیادہ متوقع پاک بھارت مقابلہ 10 اکتوبر 2027 کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اپنے گروپ مرحلے کا آغاز 8 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف میچ سے کرے گا۔
ٹورنامنٹ کا آغاز 2، 4 اور 6 اکتوبر کو نمیبیا کے شہر ونڈہوک میں تین ٹیموں پر مشتمل سپر سیریز سے ہوگا، جس کی فاتح ٹیم گروپ اسٹیج میں جگہ بنائے گی۔ اس کے بعد گروپ مرحلہ 7 اکتوبر سے شروع ہوگا۔
نئے فارمیٹ کے تحت دونوں گروپس کی تین، تین بہترین ٹیمیں سپر 7 مرحلے میں پہنچیں گی، جبکہ دونوں گروپس میں چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیموں میں سے بہتر کارکردگی دکھانے والی ٹیم بھی سپر 7 کا حصہ بنے گی۔ سپر 7 مرحلہ 25 اکتوبر سے 14 نومبر تک جاری رہے گا۔
سپر 7 مرحلے کے بعد ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنلز میں پہنچیں گی۔ پہلا سیمی فائنل 17 نومبر کو کیپ ٹاؤن جبکہ دوسرا 18 نومبر کو تشوانے میں کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ کا فائنل 21 نومبر کو جوہانسبرگ میں ہوگا۔


_2026_08_13_08_59_34_28366803.jpg)
Leave A Comment