انڈونیشیا: انڈونیشیا کے ساحلی علاقے کے قریب 7.7 شدت کے شدید زلزلے نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 20 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زلزلے کے بعد 6.1 شدت سمیت کئی آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 58 منٹ پر آیا، جس کی گہرائی تقریباً 15 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ شدید جھٹکوں کے بعد انڈونیشیا کی جیو فزکس ایجنسی نے ابتدائی طور پر سونامی کی وارننگ جاری کی، تاہم تقریباً تین گھنٹے بعد اسے واپس لے لیا گیا۔

زلزلے کے جھٹکوں سے جزیرہ فلورس کے مرکزی شہر ماؤمیرے میں شہری خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر تباہ شدہ عمارتوں میں پھنسے افراد کو تلاش اور ریسکیو کرنے میں مصروف ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق دور افتادہ اور پہاڑی علاقوں میں زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا مکمل اندازہ لگانے میں وقت لگ سکتا ہے۔ بندرگاہ سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں ٹرمینل کی عمارت کے بڑے حصے گرنے کے مناظر بھی دیکھے گئے، جبکہ فیری پر سوار ہونے کے منتظر بعض افراد کے سمندر میں گرنے کی اطلاعات ہیں۔

آسٹریلیا کے سونامی وارننگ سینٹر نے بھی واضح کیا ہے کہ سمندر میں آنے والے اس زلزلے کے باعث آسٹریلوی سرزمین، جزائر یا علاقوں کو سونامی کا خطرہ نہیں۔

انڈونیشیا کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے شہریوں کو پرسکون رہنے اور ساحلی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آفٹر شاکس کے خطرے کے پیش نظر متاثرہ یا خستہ حال عمارتوں میں داخل ہونے سے گریز کیا جائے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں اور مالی نقصانات کی مکمل تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں جبکہ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار