کرک میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، پولیس کی جوابی کارروائی، آئی ای ڈی برآمد
خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں پولیس چیک پوسٹ چنغوص پر رات گئے دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے، جبکہ سرچ آپریشن کے دوران بم ڈسپوزل یونٹ نے آئی ای ڈی بھی برآمد کر لی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کرک فضل واحد کے مطابق مسلح دہشت گردوں نے رات کی تاریکی میں چیک پوسٹ کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کی۔ تاہم وہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا۔
ڈی پی او کے مطابق پولیس اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ رات گئے شروع ہوا جو صبح تک جاری رہا۔ دہشت گردوں کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کے استعمال کے باعث چیک پوسٹ کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم پولیس کی مؤثر مزاحمت کے بعد حملہ آور پسپا ہو کر فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کیا جا رہا ہے، جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران بم ڈسپوزل یونٹ نے ایک دیسی ساختہ دھماکا خیز ڈیوائس (آئی ای ڈی) برآمد کر لی ہے۔ حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔



Leave A Comment