ملتان (کرائم رپورٹر روزنامہ ایشیاء اردو) تھانہ ڈی ایچ اے کی حدود میں رائل آرچرڈ بلاک اے کے قریب مبینہ طور پر کام سے بھاگنے والے 15 سالہ لڑکے کو گاڑی سے ٹکر مار کر ہلاک کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس پر ملتان پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 990/26 بجرم دفعہ 302 تعزیراتِ پاکستان درج کرکے مرکزی ملزم توقیر نذیر کو گرفتار کر لیا، جبکہ واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔

ریسکیو 1122 اور پولیس سے موصولہ معلومات کے مطابق جاں بحق ہونے والے لڑکے کی شناخت وسیم عباس ولد انصر عباس، سکنہ مظفرگڑھ، عمر 15 سال کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر ٹھیکیدار توقیر نذیر ولد ناصر احمد کے پاس الیکٹریشن کا کام کر رہا تھا اور گزشتہ تین روز سے وہاں کام پر مامور تھا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق وسیم عباس آج کام چھوڑ کر وہاں سے بھاگا تو مبینہ طور پر ٹھیکیدار توقیر نذیر پہلے پیدل اس کے پیچھے بھاگا، بعدازاں امجد علی ولد یونس علی، قوم جٹ، کے ہمراہ گاڑی میں اس کا تعاقب کیا۔ رائل آرچرڈ کے بلاک بی، گلی نمبر 10 میں تعاقب کے دوران تیز رفتار گاڑی نے لڑکے کو ٹکر مار دی، جس سے وہ اچھل کر گھر کے گیٹ سے جا ٹکرایا اور سر پر شدید چوٹ لگنے کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی، تاہم معائنے کے دوران لڑکے کی موت کی تصدیق ہوئی۔ قانونی کارروائی کے بعد میت پولیس کی نگرانی میں نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دی گئی، جبکہ پولیس نے جاں بحق لڑکے کے ورثاء کو اطلاع دے دی ہے۔

ملتان پولیس کے مطابق مقدمہ اپنی مدعیت میں درج کرکے ملزم توقیر نذیر کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا ہے اور گاڑی بھی قبضے میں لے کر تھانہ ڈی ایچ اے منتقل کر دی گئی ہے۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ واقعے میں دوسرے شخص امجد علی کے کردار سمیت تمام پہلوؤں کا تعین تفتیش کے دوران کیا جائے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کو مجاز عدالت میں پیش کرکے قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں گے اور مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کروایا جائے گا۔ شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار