ملتان میں یتیم بچے کو کار سے کچلنے والا ملزم مقابلے میں ہلاک ایف آئی ار درج
ملتان: 15 سالہ یتیم بچے وسیم عباس کو گاڑی سے کچلنے کے مقدمے میں نامزد ملزم توقیر نذیر مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ سی سی ڈی بہاولپور میں درج کرلیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ملزم توقیر نذیر نے پیر کے روز گاڑی کی ٹکر سے 15 سالہ وسیم عباس کو کچل دیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق یتیم بچہ ملزم کے مبینہ غیر انسانی رویے سے تنگ آکر اس کے پاس کام نہیں کرنا چاہتا تھا۔
ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی عرفان اکبر کے مطابق واقعے کے بعد ملزم توقیر نذیر کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے اسے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا۔ حکام کے مطابق ملزم بعد ازاں پولیس کی تحویل سے فرار ہوگیا تھا۔
سی سی ڈی حکام کے مطابق ناردرن بائی پاس، بہاولپور روڈ پر پولیس نے دو موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے مبینہ طور پر فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک مشتبہ موٹر سائیکل سوار اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، جبکہ دوسرا شخص فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ملزم توقیر نذیر کے طور پر کی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مبینہ مقابلہ کراچی موڑ بائی پاس کے قریب رات تقریباً 3 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔ واقعے کا مقدمہ نمبر 125/26 تھانہ سی سی ڈی بہاولپور میں درج کیا گیا ہے، جس میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 324، 353، 186، 427، 34 اور 302 سمیت پنجاب آرمز آرڈیننس 2015 کی متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ وسیم عباس کے قتل کے واقعے پر ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق عدالت میں پیشی کے دوران وکلا نے بھی ملزم کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جبکہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت اور ملزم کو قانون کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
ملزم کی ہلاکت کے حوالے سے پولیس کے بیان اور درج مقدمے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں، تاہم واقعے کے تمام حقائق اور ذمہ داری کا حتمی تعین متعلقہ تفتیش اور قانونی کارروائی کے بعد ہی ہوسکے گا
_2026_10_21_08_56_13_45191304.jpg)
_2026_10_20_23_59_17_18198357.jpg)

Leave A Comment