ملتان ڈویژن میں ریونیو کیسز کے بروقت فیصلوں کا ہدف، ایک سال سے زائد پرانے مقدمات 30 نومبر تک نمٹانے کی ہدایت
کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے ریونیو ریویو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ریونیو مقدمات کے بروقت فیصلوں کو یقینی بنایا جائے اور ایک سال سے زائد عرصے سے زیرِ التوا کیسز 30 نومبر تک نمٹائے جائیں۔ انہوں نے آر سی ایم ایس (RCMS) کے تحت ریونیو کیسز کی مؤثر مانیٹرنگ، فیصلوں کے تقابلی جائزے اور تمام احکامات آن لائن جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات کا ڈیٹا باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جائے اور دستی کارروائی کے بجائے ڈیجیٹل نظام کو ترجیح دی جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اکتوبر کے دوران ملتان ڈویژن کے چاروں اضلاع میں ریونیو عدالتوں نے 1,443 مقدمات کے فیصلے کیے، جبکہ خانیوال، لودھراں اور وہاڑی میں ایک سال سے زائد پرانا کوئی مقدمہ زیرِ التوا نہیں۔ اسی طرح انتقالات کے 2,008 زیرِ التوا کیسز میں سے 1,914 نمٹا دیے گئے۔
کمشنر عامر کریم خان نے سرکاری اراضی پر شجرکاری کے اہداف کے حصول، پودوں کی جیو ٹیگنگ اور ماہانہ بنیادوں پر نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افسران کے فیلڈ وزٹس میں شجرکاری کا جائزہ بھی شامل کیا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سرکاری اراضی پر شجرکاری کا ہدف 92.3 فیصد حاصل کیا جا چکا ہے اور 405,031 پودے لگائے گئے ہیں، جبکہ لَمبرداروں کے ذریعے 100 فیصد ہدف کے حصول اور الاٹیز کی جانب سے 91 فیصد پیش رفت رپورٹ ہوئی ہے۔ کمشنر نے مسترد شدہ انتقالات سے متعلق سرکاری اراضی واگزار کرانے، غیر قانونی قبضے ختم کرنے اور تقسیم کے مقدمات میں قانونی تقاضے پورے کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریونیو کیسز میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی ترجیح ہونی چاہیے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔



Leave A Comment